بانہال اورکیرن میں حادثات | مسافر لقمہ اجل،ڈرائیور سمیت دیگر کئی زخمی

بانہال // بانہال اور کپوارہ میں پیش آئے حادثات میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضلع رامبن کی سڑکوں پر حادثات کے جاری سلسلے میں بدھ کے روز ایک اور شخص کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا ہے اور اسے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بدھ کی صبح ناچلانہ- کھڑی رابطہ سڑک پر ہرنہال کے قریب ایک ڈمپر JK-19/6046 سڑک سے لڑھک کر کم از کم دو سو فٹ گہری کھائی میں گر گیا جس کے نتیجے میں ایک سوار تنویر احمد پاچھو کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی جبکہ ڈمپر ڈرائیور محمد امین شدید طور زخمی ہوا جسے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس حادثے میں مرنے والے سوار کی شناخت تنویر احمد پاچھو ولد غلام قادر پاچھو ساکنہ سرن ، کھڑی کے طور کی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے بعد دونوں زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں تنویر احمد پاچھو نے دم توڑا جبکہ ڈمپر ڈرائیور محمد امین کو شدید زخمی حالات میں ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ضلع رامبن میں سڑک کے تین الگ الگ حادثات میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے تھے اور ایک درجن کے قریب مسافر زخمی ہوئے تھے جن میں سے کئی ایک کی حالت جموں کے ہسپتال میں ابھی بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ ادھرسڑک کے ایک حادثہ میں کرالہ پورہ سے کیرن کی طرف ایک ٹایگو گاڑی کو حادثہ پیش آیا جسمیں ڈرائیور سمیت 3افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور درگمولہ کے فوجی اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا گیا ۔منگل کی شام گئے دیر کرالہ پورہ سے ایک ٹایگو گاڑی زیر نمبر1 JK09B..373کیرن کی طرف نکلی اور سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے گا ڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر گئی اور گہرے نالہ میں جا گری ۔حادثہ کے فوراًبعد مقامی فوجی یونٹ سے وابسطہ فوجی اہلکارو ں نے زخمیو ں کو نکال کر اپنی گا ڑی میں درگمولہ فوجی اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا ۔زخمیو ں کی شناخت عبد الحمید بیگ ،محمد اسلم وانی اور نصیر احمد وانی ساکنان دردسن کرالہ پورہ کے بطور ہوئی ۔