بانہال آتشزدگی میں رہائشی مکان مال و اسباب سمیت خاکستر

محمد تسکین

بانہال// قصبہ بانہال کے بیرون میں واقع نئی بستی بنکوٹ میں پیش آئی آگ کی ایک واردات میں رہائشی ڈھانچہ مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہوگیا ہے۔ یہ مکان مدثر احمد راتھر نامی شخص کی ملکیت تھا اور آگ کی واردات کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ انہیں ہمسائیوں سے آگ کی اطلاع دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ کنبے نے اپنا مکان ریلوے تعمیراتی کمپنیوں سے وابستہ افراد کو کرایہ پر دیا ہوا ہے اور ان کے گھر گرہستی کا سارا سامان اور رہن سہن چھت پر تیار کئے گئے دو کمروں میں منتقل ہوگیا تھا اور اچانک نمودار ہوئی آگ کی واردات میں اس غریب کنبے کا سارا سامان اور ان کی چچیری بہن کی شادی کیلئے تیار کیا گیا سامان بھی تباہ ہوگیا۔ آگ کی واردات کی اطلاع ملتے ہی فائر سروسز عملہ علاقے میں پہنچا لیکن تب تک یہ رہائشی ڈھانچہ مکمل طور سے تباہ ہو چکا تھا۔ بعد میں فائر سروس عملہ نے آگ بجھائی اور اسے مزید پھیلنے سے روکا۔بنکوٹ نئی بستی کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ مدثر احمد ایک غریب شخص ہے اور آگ کی واردات میں اسے لاکھوں روپئے کی مالیت کا نقصان پہنچا ہے لہٰذا ضلع انتظامیہ رام بن سے التماس ہے کہ وہ اس متاثرہ کنبے کی فوری مدد کرے تاکہ برفباری سے پہلے پہلے یہ کنبہ دوبارہ رہن سہن کے قابل ہوجائے کیونکہ تن پر لگے کپڑوں کے سوا اس کنبے کا کچھ بھی نہیں بچایا جا سکااور جو صندوق وغیرہ بچ نکلے ہیں ان میں بھی رکھا سامان آگ کی تپش سے تباہ ہوا ہے۔ پولیس نے آتشزدگی کی ایک رپورٹ درج کی ہے۔