بانڈی پورہ کی آگ سے جھلسی وارڈ ممبر فوت

بانڈی پورہ +بانہال //نوپورہ بانڈی پورہ کی آگ سے جھلسی خاتون وارڈ ممبر دس روز بعد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی ۔ نیشنل کانفرنس سے وابستہ وارڈ ممبر افروزہ بیگم دس روزقبل گھرمیں حادثاتی طورآگ سے جھلس گئی اور ہسپتال میں زیر علاج تھی ۔گذشتہ شام  اس نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑدیا۔ بانڈی پورہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی۔ ادھربانہا ل میں ریچھ کے حملے میں ایک ادھیڑعمر کی خاتون زخمی ہوگئی جبکہ بانڈی پورہ میں آگ سے جھلسی خاتون فوت ہوگئی۔ناگام بانہال میں ریچھ کے حملے میں ایک اڈھیر عمر خاتون شدید زخمی ہوگئی اور اسے سب ضلع ہسپتال بانہال میں منتقل کیا گیا ۔ خاتون کی شناخت رضیہ بیگم عمر 55 سال زوجہ عبدالعزیز نائیک ساکنہ ناگام بانہال کے طور ہوئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ خاتون اپنے گھر سے تھوڑی دور کھیتوں میں جارہی تھیں کہ راستے میں اچانک ایک ریچھ نمودار ہوا اور خاتون پر حملہ آور ہوگیا۔ حملے کے بعد شور شرابے کے نتیجے میں لوگ وہاں پہنچے اور زخمی خاتون کو بانہال ہسپتال پہنچایا گیا۔ بانہال سب ڈویژن میں پچھلے ایک ہفتے میں انسانی بستیوں میں ریچھوں کا یہ تیسرا حملہ ہے جن میں تین افراد زخمی ہوئے جو سرینگر اور بانہال کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔