بانڈی پورہ میں گجرپہاڑی کنونشن

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں چنائو سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں اور اسمبلی انتخاب میں پہاڑی علاقوں کی نمائندگی ڈاکٹر مصطفی خان کریں گے۔ اس بات کااعلان بانڈی پورہ میں منعقدہ گجرپہاڑی کنونشن میں کیاگیا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصطفی خان نے کہا کہ اب تک حلقہ انتخاب بانڈی پورہ کے عام لوگوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے منتخب نمائندوں نے کچھ نہیں کیا اور لوگوں کے مسائل دھرے کے دھرے رہ گئے۔انہوں نے کہا کہ ڈگری کالج بانڈی پورہ2005میں قائم ہوا لیکن ابھی تک اس کی دیوار بندی نہیں ہوئی۔ضلع اسپتال ،گرڈ اسٹیشن  پتوشی ادھورا پڑا ہے ۔کشن گنگا پاور پروجیکٹ سے ملنے والی مراعات سے عام لوگ خصوصاًگجرآبادی کو محروم رکھاگیاہے۔ اگرچہ بانڈی پورہ علم ادب اور آب کے نام سے مشہور ہے لیکن ایسے کم ظرف نمائندوں کو چنا گیا جو ادب کے نام سے بے بہرہ ہیں جبکہ آب کے نام سے مشہور جھیل ولر کو غلاظت میں تبدیل کر کے کوڈا دان بنا دیا گیا۔