بانڈی پورہ //قصبہ میں ملی ٹینٹوں کے حملے میں پولیس کا ایک ڈرائیورجاں بحق جبکہ فورسز افسر سمیت دیگر 4اہلکار زخمی ہوئے۔واقعہ کے بعد علاقے کو محاصرہ میں لیا گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سہ پہر قریب 5بجے پیش آیا جب ملی ٹینٹوں نے بانڈی پورہ میں نشاط پارک کے نزدیک پولیس اور بی ایس ایف کی مشترکہ پارٹی پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 4 دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملی ٹینٹوںکے حملہ میں 5 پولیس/بی ایس ایف اہلکاروں کو چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم زخمی پولیس اہلکاروں میں سے زبیر احمد ساکن پاپہ چھن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہواجبکہ دیگر زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔زبیر احمد، پولیس میں بطور SPO بھرتی ہوا تھا اور ڈرائیور کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔دیگر زخمی اہلکاروں میں بی ایس ایف اسسٹنٹ سب انسپکٹر امیش سنگھ،پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد شفیع بلٹ نمبر 237، کانسٹیبل محمد یاسربلٹ نمبر440اورکانسٹیبل رئیس احمد بلٹ نمبر406شامل ہیں۔پولیس نے اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیش جاری ہے اور افسران اس دہشت گردی کے جرم کے مکمل حالات کا تعین کرنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔واقعہ کے فوراً بعد قصبہ میں خوف و ہراس کا عالم رہا اور ہر طرح کی سرگرمیاں معطل ہوئیں۔واقعہ کے بعد کافی دیر تک سرینگر بانڈی پورہ روڑ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی۔یاد رہے کہ 2ماہ قبل 10دسمبر کو نشاط پارک کے نزدیک ہی گلشن چوک میں ملی ٹینٹ نمودار ہوئے اور انہوں نے سہ پہر 4بجے ایس ایچ او کیساتھ ناکہ پر موجود پولیس پارٹی کو نشانہ بنانے کی غرض سے اس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں2پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم فرض کے سلسلے میںجاں بحق ہونے والے ایس پی او کی عظیم قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس نازک موڑ پر ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بانڈی پورہ میں ملی ٹینٹوں کا حملہ | SPO ڈرائیور جاں بحق | گاڑی پر گرینیڈ پھینکا گیا ، فورسزافسر سمیت4اہلکار زخمی
