بانڈی پورہ میں محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاجی دھرنا | چوکیداروں اور صفائی کرمچاریوں کامستقل نوکری کا مطالبہ

بانڈی پورہ //محکمہ تعلیم میں پچاس روپئے ماہانہ مشاہرہ حاصل کرنے والے چوکیداروں اور صفائی کرنے والوں نے اپنے مطالبات کولیکر چیف ایجوکیشن دفتر کے سامنے دن بھر احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاجی افراد نے بتایا کہ 25سال سے محکمہ تعلیم میں وہ فی کس 50روپے اور 25 روپئے مشاہرہ پر اس امید کے ساتھ کام کررہے ہیں کہ مستقبل انہیںنوکری مل جائے گی لیکن محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسرانہیں نظرانداز کرتے رہے ۔انہوںنے کہا کہ تین سال قبل محکمانہ کوٹا کے تحت 25افراد کو مستقل نوکری دی گئی اور بتایا گیا کہ ایسے تمام افراد کو سینیارٹی کی بنیاد پر سلسلہ وارمحکمانہ کوٹا کے تحت مستقل نوکری دی جائے گی لیکن تین سال سے ایسا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹر ایجوکیشن کشمیر سے بھی مطالبہ کیا گیااورڈائریکٹر موصوف نے کہاکہ چیف ایجوکیشن افسران کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے لیکن چیف ایجوکیشن افسر کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں۔