بانڈی پورہ میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا | ایس ایس پی کاامن و استحکام یقینی بنانے پر زور

سرینگر// ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہدنے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کے کانفرنس ہال میں ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں اے ایس پی بانڈی پورہ عاشق حسین ٹاک سمیت کئی افسروں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران 2021میں درج کی گئی ایف آئی آر کی صورتحال، بیک لاگ کیسز اور ان کے نمٹانے کیلئے خصوصاً دہشت گردی اور منشیات سے متعلق کیسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایس پی بانڈی پورہ نے ضلع کے دائرہ اختیار میںبالائے زمین ورکروں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے افسران سے کہا کہ دائرہ اختیار کے نگران افسران کو ذاتی طور پر مقدمات کی نگرانی کرتے ہوئے تفتیش اور معاملات کو نمٹانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام زیر التوا مقدمات خاص طور پر UA(P)ایکٹ، NDPS ایکٹ کے معاملات کو تیز کرنے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ جدید تکنیک اور معیاری طرز عمل اپنائیں جس سے سائبر کرائم سمیت مقدمات کی تفتیش میں بہتری آئے گی۔ایس ایس پی بانڈی پورہ نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کریں اور غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔