بانڈی پورہ میں جن شنوائی

بانڈی پورہ//پرنسپل سیکریٹری تعلیم و سکل ڈیولپمنٹ اور بانڈی پورہ میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کیلئے انچارج سیکریٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے 21 روزہ جن ابھیان پروگرام کے حصہ کے طور پر جن شنوائی میں شرکت کی ۔ جن شنوائی مہم کے دوران ڈاکٹر سامون نے درجنوں وفود سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا ۔ وفود نے سڑکوں پر میکڈم بچھانے ، پانی کی سپلائی میں بہتری لانے ، سکولوں کی توسیع ، کالجوں اور سکولوں میں عملے کی دستیابی سے متعلق مختلف مانگیں پیش کیں ۔ اس موقعہ پر لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سامون نے کہا کہ جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کی موجودہ حکومت لوگوں کو اُن کی دہلیز پر ہی بہتر انتظامی سہولت فراہم کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ بعد میں پرنسپل سیکریٹری نے بانڈی پورہ ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے افسران کی میٹنگ طلب کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، ایس پی بانڈی پورہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔