بانڈی پورہ قصبے کی خستہ حال سڑکیں عوام کیلئے باعث عذاب

 عازم جان

بانڈی پورہ //بانڈی پورہ قصبے اور مختلف دیہات کو یہا ں سے جانے والی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے جس وجہ سے راہگیروں اور ٹرانسپورٹروں کو یکساں مشکلات کاسامنا ہیں۔میونسپل کونسل بانڈی پورہ کے متصل وارڈ نمبر 6 کی خستہ حال آدھ کلومیٹر رابطہ سڑک مکینوں کے لیے وبال بن گئی ہے ۔ آر اینڈ بی ڈویژن بانڈی پورہ اور میونسپل کونسل بانڈی پورہ اپنی ناک کے نیچے رابطہ سڑک کی مرمت پر توجہ دینے سے قاصر ہیں۔ دچھنہ آرہ گام کے سراپا احتجاج لوگوں نے بتایا کہ دچھنہ سے مختلف دیہات آرہ گام ،پٹھان کوٹ وغیرہ کوجانے والی سڑک ناگفتہ بہہ حالت میںہے۔ سڑک کے بیچوں بیچ بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں، جس وجہ سے اس سڑک پر گزرنے والی گاڑیوں کے کل پرزے جواب دیتے ہیں جبکہ راہگیروں کو بھی عذاب کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ چکریشی پورہ ، بنہ پورہ کی رابطہ سڑک بھی مرمت طلب ہے۔ لہروال پورہ ماہی گیر بستی کی ساڑھے تین کلومیٹر سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے ۔اگرچہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے لہروال پورہ کی وسیع ماہی گیر آبادی والی بستی کا حال ہی میں دورہ کرتے ہوئے مرمت طلب سڑک کاجائزہ لیا تھا لیکن تاحال سڑک کی مرمت کیلئے کوئی کاروائی نہیں ہوئی ۔ مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیاہے کہ بانڈی پورہ کی خستہ حال سڑکوں کی طرف توجہ مبذول کرکے ان کی فوری مرمت کی جائے۔