بانڈی پورہ اورگریز کے درمیان 17پروازیں

بانڈی پورہ//ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے فوج کے تعاون سے سنیچر کوگریزمیں درماندہ لوگوں جن میں بھرتی بورڈ امتحان میں شریک ہورہے امیدواروں کی خاصی تعداد بھی شامل ہے،کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بانڈی پورہ پہنچایا جبکہ بانڈی پورہ میں درماندہ شہریوں کو بھی یہاں سے گریزپہنچایا گیا۔  ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے بتایا کہ ہفتہ کو موسم میں بہتری کے ساتھ ہی MI-17 اور آرین پرائیویٹ ہیلی کاپٹر کو درماندہ مسافروں کو لانے لیجانے کیلئے کام پر لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 17  پروازوں میں 230 سے زائد مسافروں کو اپنی منزل پرپہنچایاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 114 مسافروں کو وادی گریز کے داور، کنزلون، نیرو اور بدوآب علاقوں سے بانڈی پورہ لایا گیا جبکہ 103 بالغوں اور 13 شیر خوار بچوں کو بانڈی پورہ سے وادی گریز کے داور، کنزلون اور بدوآب علاقوں تک لے جایا گیا ۔ڈاکٹر اویس نے کہا کہ مسافر بشمول JKSSB امتحان میں آج یعنی اتوارکوشریک ہونے والے امیدواربانڈی پورہ لائے گئے۔انہوں نے کہا کہ سنیچر کو موسم میں بہتری کے ساتھ ہی ہیلی کاپٹرسروس کی خدمات کو مہیا کیاگیا۔