بانڈی پورہ اورملحقہ علاقوں میں کتوں کی ہڑبونگ

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ قصبہ اور ملحقہ دیہات میں کتوں کی ہڑبونگ سے مقامی آبادی کا جینا محال بن گیا ہے ۔متعلقہ حکام عوام کوآوارہ کتوں سے نجات دلانے کیلئے کوئی ٹھوس کارروائی کرنے سے قاصر ہے ۔ ناز کالونی بانڈی پورہ کے مین بازار میں کتوں کی بڑھتی تعداد سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے جبکہ چکریشی پورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد سے انہیںمتعدد مسائل کا سامنا ہے۔پچھلے چند ہفتوں کے دوران ایک درجن سے زائد بھیڑبکریوں کو آوارہ کتوں نے نشانہ بنایا ہے ۔ حاجن مقدم یاری صدرکوٹ اجس کی آبادی بھی آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد سے نجات دلائی جائے۔