بانڈی بورہ میں ژالہ باری سے نقصان

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں ژالہ باری سے فصلوں کو بڑے پیمانے پرنقصان پہنچا ہے ۔ سملر ارن ،شوخ بابا صاحب ،باباپورہ ،گنڈ پورہ، رام پورہ ،لاوڈارہ ،آرہ گام، چھٹے بانڈے دچھنہ، گرورہ ،صدر کوٹ اوراجس میں اتوارکی شام کو تیز آندھی کے ساتھ تقریباًپانچ منٹ تک ژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں اور میوہ باغات کوبڑے پیمانے پر نقصان ہوا ۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شاہد اقبال چوہدری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو حمیدہ جی کی قیادت میں محکمہ مال کی ایک ٹیم نے ان علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ ایک دو روز کے اندر نقصان کا تخمینہ پیش کیا جائے گا۔دریں اثناء پی ڈی پی لیڈر نظام الدین بٹ نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ژالہ باری سے متاثرہوئے کسانوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔