بال تل سونہ مرگ میں یاتریوں کیلئے وسیع ’ ٹینٹ سٹی‘ بنانے کا آغاز ۔ 3820خیمے نصب کئے جارہے ہیں،118لنگر بھی لگائے جائیں گے

غلام نبی رینہ

سونہ مرگ //2سال بعد سالانہ امرناتھ یاترا ،جو 30 جون سے شروع ہو رہی ہے، کیلئے انتظامات ، سہولیات اور تمام تیاریوں کو25جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بال تل میں یاتریوں کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے’ ٹینٹ سٹی‘ بنانے پر کام جاری ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، جو یاترا کیلئے نامزد آفیسر ہیں، نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹینٹ سٹی میں قریب400خیمے نصب کئے جارہے ہیں جہاں یاتری قیام کرسکیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کیلئے 550خیمے نصب کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا مجوزہ ٹینٹ سٹی میں مقامی لوگوں کو 1500خیمے نصب کرنے کی اجازت ہوگی ۔ ٹینٹ سٹی میں اسکے علاوہ 270مقامی پرائیویٹ کیمپنگ ایجنسیز کو بھی خیمے لگانے کی اجازت ہے اور پرائیویٹ کیمپنگ ایجنسیز قریب 1770خیمے نصب کررہے ہیں۔مجموعی طور پر20 38خیمے نصب کئے جائیں گے جسے ٹینٹ سٹی کا نام دیا گیا ہے۔بال تل میں یاتریوں کے ٹھہرنے کیلئے صرف خیمے دستیاب ہوتے ہیں لیکن یاتری سونہ مرگ میں ہوٹلوں میں بھی قیام کرسکتے ہیں جس کیلئے وہ خرچہ خود برداشت کرتے ہیں۔

 

’ خیمہ سٹی‘ میں حکومت کی جانب سے جو خیمے نصب کئے جاتے ہیں ان میں مفت رہائش کا انتظام ہوتا ہے جبکہ پرائیویٹ طور پر جو خیمے نصب کئے جاتے ہیں انکے لئے کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔خیمہ بستی میں موجود ہر خیمے میں 4 افراد کیلئے گنجائش ہوتی ہے ۔ لوگ بالتل ،دومیل،ریل پتھری، پنجترنی اورگھپا پر بھی عارضی خیمے نصب کرتے ہیں تاکہ یاتریوں کو ان مقامات پر رہائشی سہولیات فراہم ہوسکیں، یہاں بھی خیمے نصب کئے جارہے ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 25 جون تک اپنی تیاریاں مکمل کریں۔ بال تل علاقے میں اسکے علاوہ مختلف دکانیں، کھانے پینے کی اشیاء، سبزی، عارضی ہوٹل اور پانی وغیرہ فروخت کرنے کیلئے 116خیمے ہونگے۔ سونہ مرگ میں امر ناتھ یاتریوں کے لئے مفت لنگر کا انتظام بھی کیا جارہا ہے اور انتظامیہ نے بال تل سے گھپا تک لنگر لگانے کی اجازت دی ہے۔ اسکے لئے مجموعی طور پر118 لنگر لگائے جائیں گے اور ابتک 60لنگر لگائے گئے ہیں۔