بالی ووڈ کے ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار کا انتقال

سری نگر// بالی ووڈ کے معروف اداکار ، دلیپ کمار کا بدھ کی صبح ہندوجا اسپتال ممبئی میں انتقال ہوگیا ۔ کمار کے خاندانی دوست فیصل فاروقی نے اداکار کے ٹویٹر ہینڈل پر یہ اعلان کیا۔ وہ 98 سال کے تھے۔
فاروقی ، جو کمار کے ٹویٹر ہینڈل کی دیکھ بھال کر رہے ہیں ، نے آج صبح لکھا ،”بھاری دل اور گہرے رنج و غم کے ساتھ ، میں اپنے پیارے دلیپ صاحب کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں،ہم خدا کی طرف سے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ رہے ہیں“۔
دلیپ کمار کو سانس لینے کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ منگل کے روز ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے کہا تھا کہ کمار کی صحت بہتر ہورہی ہے۔
دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان تھا۔ اداکاری کی دنیا میں وہ دلیپ کمار کے نام سے بے حد معروف ہیں اور اُنہیں ’شہنشاہ جذبات‘ کے نام بھی جانا جاتا ہے۔اُن کی اکثر فلمیں شائقین میں کافی مقبول ہیں اور آج بھی اُنہیں سراہا جاتا ہے۔
 چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں دلیپ کمار نے 65 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ وہ دیوداس )، نیا دور، مغل اعظم ، گنگا جمنا ، کرانتی، کرما اور دیگر فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے کے لئے مشہور ہیں۔ انہیں آخری بار 1998 میں’قلعہ‘ میں دیکھا گیا تھا۔