بالی بھگت نے ہمہامہ میں زُوم ایئر ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا

بڈگام//وزیر صحت وطبی تعلیم بالی بھگت نے ہمہامہ بڈگام میںاپنی نوعیت کے پہلے زوم ائیرہاسپٹیلٹی اینڈ ایویشن ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر خطاب کے دوران وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کے لئے ٹریننگ سینٹر کا قیام انتہائی ضروری تھا جہاں انہیںشہری ہوابازی کے شعبے میں داخلے کے لئے مختلف کورسوں میں تربیت فراہم کی جاسکتی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ٹریننگ سینٹر کے قیام سے ریاست کے نوجوانوں کو شہری ہوابازی اورہاسپٹیلٹی شعبوں میں روزگار کے بہتر مواقع دستیاب ہوسکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ شہری ہوابازی کے شعبے میں باصلاحیت نوجوانوں کے لئے روزگار کی کافی گنجائش موجود ہے۔60طلبأ کی گنجائش والے اس تربیتی مرکز میں پہلے مرحلے میں مختلف سرٹیفکیٹ کورسز کو متعارف کیا جارہا ہے۔مقامی سطح پر تربیت حاصل کرنے کے بعد امیدواروں کو زوم ایئر ٹریننگ سینٹر نئی دہلی روانہ کیاجائے گا جہاں وہ مزید تین ماہ تک تربیت حاصل کریں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر زوم ایئر ٹریننگ سینٹر نذیر احمد وانی نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے کے بعد اہل امیدواروں کو زوم ایئر لائنز میں شامل کیا جائے گاجب کہ دوسری ائیر لائینز میں شامل ہونے کے لئے دیگر امیدواروں کو انٹرویو میں مدد دی جائے گی۔اس موقعہ پر وی سی سیکاپ ،زوم ایئر لائینز کے سینئر آفیسران اورایڈیشنل ایس پی بڈگام کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔