بالاکوٹ کے لوگ طبی سہولیات سے محروم ،علاقے میں ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کی مانگ

مینڈھر// سرحدی علاقہ بالاکوٹ کے لوگوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔مقامی لوگوںکاکہناہے کہ سرکار فوری طور بالاکوٹ میں ایک ایمرجنسی ہسپتا ل قائم کرے تاکہ لوگوں کو فائرنگ اور گولہ باری کے د وران علاج کی سہولت مل سکے ۔انہوںنے کہاکہ کشیدہ حالات میں زخمی ہونے والوں کو بہتر طبی خدمات میسر نہیںہوتی اور انہیں یاتو مینڈھر یاپھر راجوری منتقل کرناپڑتاہے جس دوران ان کے جسم کا خون بہہ جاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحد پر پائے جارہے حالات کو دیکھتے ہوئے ایک ایمرجنسی ہسپتال قائم کیاجاناچاہئے جس میں چوبیس گھنٹے ڈاکٹر دستیاب رہیں ۔انہوںنے کہاکہ عام حالات میں بھی مریضوں کو طبی سہولیات نہیں ملتی اور انہیں معمولی سے علاج کیلئے کئی کلو میٹر دور کاسفر کرناپڑتاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ علاقہ میں مزید سب سنٹر بھی قائم کئے جائیں ۔مقامی لوگوںنے کہاکہ بالاکوٹ میںطبی مراکز میں ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے اور ان کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں ۔