بالاکوٹ کا سوئیاں علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ سوئیاں میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی بلاک بالاکوٹ میں آنے والے گائوں سوئیاں کو رابطہ سڑک کیساتھ منسلک کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے برسوں قبل ایک سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن اس وقت تک سڑک کو مکمل ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے ان کو دوران آمد ورفت کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ایمرجنسی کے وقت حاملہ خواتین اور مریضوں کو کئی کلو میٹر تک اٹھا کر جانا پڑتا ہے جبکہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقہ ہونے کی وجہ سے محکمہ بجلی اور آب رسانی کی جانب سے بھی کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے پانی اور بجلی کی سپلائی میں اکثر خلل آتا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بالاکوٹ کے سرحدی گائوں سوئیاں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔