بالاکوٹ میں لڑکیوں کیلئے علیحدہ سکول ہی نہیں

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی تحصیل بالا کوٹ میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے کوئی علیحدہ سکول قائم ہی نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے سرحدی تحصیل کی لڑکیوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گنجان آبادی والی تحصیل میں ابھی تک نہ تو لڑکیوں کیلئے علیحدہ کوئی ہائی سکول اور نہ ہی ہائر سکینڈری سکول قائم کیا گیا ہے جس کی وجہ سے بچیوں کی تعلیم مکمل ہی نہیں ہو پارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی تحصیل میں پہلے تو فائرنگ کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی تھی تاہم اس مشکل دور میں بھی لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی دلچسپی ہی نہیں لی گئی جس کی وجہ سے لڑکیاں لڑکوں کیساتھ سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا لیکن جھوٹی یقین دہانیوں کے بغیر کوئی عملی کام نہیں کیاجاسکا ۔غور طلب ہے کہ سرحدی علاقہ میں سالانہ درجنوں کی تعداد میں لڑکیاں معیاری نظام نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہو جاتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لڑکیوں کیلئے علیحدہ سے ہائر سکینڈری سکول قائم کیاجائے تاکہ بالاکوٹ تحصیل کی لڑکیاں معیاری تعلیم حاصل کرسکیں ۔