بالاکوٹ میں حفاظتی بینکروں کی تعمیر میں من مانی کا الزام

 جاوید اقبال

مینڈھر// سرحدی تحصیل بالاکوٹ کے علاقے ڈبی کے لوگوں نے انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایاہے۔مقامی لوگوں کی شکایت ہے کہ ان دنوں سرحدی علاقوں میں نئے بینکر بنائے جارہے ہیں لیکن یہ تعمیراتی کام طے شدہ یا نشاندہی شدہ جگہوں پر نہیں ہورہے بلکہ ٹھیکیدار متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے ان کے گھروں کو نظرانداز کرکے سڑک کنارے بینکر تعمیر کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پہلے بھی بینکروں کی تعمیر پر کروڑوں روپے صرف کئے گئے لیکن کسی جگہ پانی نہیں اور کسی جگہ بجلی نہیں۔اسی طرح سے کسی جگہ یہ بینکر غیر محفوظ ہیں جس کی وجہ سے یہ بڑی رقم ضائع ہوتی جارہی ہے اور مقامی عوام کو بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔انہوں نے کہاکہ سڑک کنارے اس لئے بینکر بنائے جارہے ہیں کیونکہ ٹھیکیدار کو کیریج نہیں پڑتا مگراس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ ایک ٹیم بھیج کر بینکروں کی تعمیر کاجائزہ لیاجائے اور سرکاری رقم کو ضائع کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔