بالاکوٹ رابطہ سڑک کافی عرصہ سے مکمل ہی نہ ہو سکی | تعمیر میں غیر معیاری سامان استعمال کرنے کا الزام

جاوید اقبال
مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھر تا بالاکوٹ رابطہ سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے مکمل ہی نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔سرحدی علاقہ کے مکینوں نے محکمہ تعمیر ات عامہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 10ماہ قبل سڑک کو مکمل کرنے کیلئے ٹینڈر ڈالا گیا تھا لیکن اس کے بعد متعلقہ ٹھیکیدار نے ڈھائی کلو میٹر تک بجری بچھانے کے بعد کام ہی چھوڑ دیا ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین اور آفیسران مذکورہ ٹھیکیدار کے خلا ف کوئی بھی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین اور ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو چونا لگایا جارہا ہے جبکہ کبھی کچھ حد تک کام کیا جاتا ہے اور بغیر کسی وجہ کے بند بھی کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے حد متارکہ کے نزدیکی علاقہ کی وسیع آباد ی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی عمل میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن کنٹرول ایجنسی کے ملازمین بھی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ عام لوگوں کی جانب سے شور مچانے کے بعد ٹھیکیدار دو گاڑیاں بجری ڈال دیتا ہے جبکہ معاملہ ٹھنڈا ہونے کے بعد پھر سے کام چھوڑ دیا جاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں کہ لاپرواہ ٹھیکیدار کا لائسنس منسوخ کر کے پروجیکٹ کو جلد مکمل کیاجائے ۔