بالاکوٹ رابطہ سڑک کئی عرصہ سے نامکمل

مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھر تا بالاکوٹ رابطہ سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے مکمل ہی نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔سرحدی علاقہ کے مکینوں نے محکمہ تعمیر ات عامہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 10ماہ قبل سڑک کو مکمل کرنے کیلئے ٹینڈر ڈالا گیا تھا لیکن اس کے بعد متعلقہ ٹھیکیدار نے ڈھائی کلو میٹر تک بجری بچھانے کے بعد کام ہی چھوڑ دیا ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین اور آفیسران مذکورہ ٹھیکیدار کے خلا ف کوئی بھی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین اور ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو چونا لگایا جارہا ہے لیکن پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیاجارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مدد سے حد متارکہ کے قریبی علاقوں میں آباد لوگوں کو سہولیت میسر ہو سکتی تھی لیکن پروجیکٹ کے نامکمل رہنے کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ عام لوگوں کی جانب سے شور مچانے کے بعد ٹھیکیدار دو گاڑیاں بجری ڈال دیتا ہے جبکہ معاملہ ٹھنڈا ہونے کے بعد پھر سے کام چھوڑ دیا جاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں کہ لاپرواہ ٹھیکیدار کا لائسنس منسوخ کر کے پروجیکٹ کو جلد مکمل کیاجائے ۔