بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری

سرینگر //جموں وکشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسمی صورتحال معمول پر نہیں آرہی ہے۔گذشتہ شب بھی وادی کے کئی بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں معمولی بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق جموں وکشمیر میں 28فروری تک موسم خشک رہے گا ، البتہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران  کہیں ہلکی برف باری اور معمولی بارشوں کا امکان ہے ۔وادی کے گلمرگ، سونہ مرگ، پہلگام، زوجیلہ،پیر کی گلی، سادھنا ٹاپ، بنگس وادی اور بڈگام کے دودھ پتھری ،یوسمرگ، توسہ میدان سمیت چرار شریف اور کولگام کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں معمولی بارشیں ہوئیں۔کولگام کے بالائی علاقوں جواہر ٹنل، اہربل ، نندی مرگ، باڑی جالن، داندواڑ، منزگام اور دیگر علاقوں میں درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوتی رہیں۔غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلہ، منی مرگ اور دیگر علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں ہوتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور یہاں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔ گلمرگ ،جہاںدوران شب تازہ برف باری ہوئی ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام میں 3.7ملی میٹر ،قاضی گنڈ میں 1.2ملی میٹر ،کپوارہ میں 0.2ملی میٹر اورکپوارہ میں 1.2ملی میٹر بارش ریکارڈ گئی ۔