سرینگر//باغ علی مردان خان سے صورہ تک کئی مقامات پر سڑک دب جانے سے جگہ جگہ گہرے کھڈ بن گئے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہونے سے مسافروںکو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ لالچوک سے صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ جانے والے ٹرانسپورٹروں کاکہنا ہے کہ کئی مقامات پر سڑکیں دب گئی ہیں اور گہرے کھڈ بن جانے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ٹرانسپورٹروں کاکہنا ہے کہ سڑک پر کھڈ بننے سے گاڑیوں کی آواجاہی متاثر ہوتی ہے جبکہ مریضوں کو وقت پر صورہ ہسپتال پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بژھ پورہ، الہی باغ، ملہ باغ ، احمد نگر اور گاندربل سے لالچوک جانے والی گاڑیوں کو بھی اسی سڑک سے گزرنا پڑرہا ہے اور گہرے کھڈ ہونے کے باعث انہیں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ صبح وشام کے دوران ٹریفک کا رش ہوتا ہے اور جام بھی لگ جاتا ہے اورحادثہ ہونے کا امکان ہے۔مقامی لوگوں اور دکانداروں کے مطابق سڑک کے نیچے پانی کی پائپ لائن گزرتی ہے اور پانی لیک ہونے کی وجہ سے سڑک دب جاتی ہے ۔ سڑک کی مرمت کرنے میں متعلقہ محکموں کے درمیان آپسی رسہ کشی ہونے سے عام لوگوں کو اس کا خمیازہ اٹھانا پڑرہاہے ۔ مذکورہ سڑکوں سے روزانہ صبح وشام میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ سے درجنوں ایمبولینس گاڑیاں دوڑتی رہتی ہیں جن میں اکثر بیشتر نازک حالات میں مریض لائے جاتے ہیں اور ٹریفک جام کے سبب ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
باغ علی مردان خان سے صورہ تک سڑکوں پر گہرے کھڈ
