باغبانی محکمہ کی طرف سے بدھوانہ سانبہ میں ایک میگا بیداری کیمپ کا انعقاد

جموں//محکمہ باغبانی نے سانبہ ضلع کے سمب بلاک میں گورن پنچایت کے دُور دراز گائوں بدھوانہ میں ایک میگا بیداری کیمپ کا اِنعقاد کیا جس میں ضلع کے تمام باغبانی زونوں کے زائد اَز 200 کسانوں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری باغبانی ، زرعی پیداوار اور بہبود ِ کساناں محکمے نوین کمار چودھری مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔دورانِ پروگرام ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں رام سیوک نے ضلع میں شجرکاری اور متعلقہ کاموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔اُنہوں نے کہا کہ کنڈی بیلٹ میں پھلوں کی فصلوں جیسے آونلا ( آملا) ، کھٹی ، آم اور سب سے اہم ایلوویرا کی کاشت کے بہت زیادہ اِمکانات ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اَپنے کھیتوں میں فصلوں میں تنو ع کو اَپنائیں تاکہ وہ سال بھر کما سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس کیمپ کا اِنعقاد محکمہ کی مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں کے بارے میں بیداری کرنے کے لئے کیا گیا تھا اور بالخصوص ایلوویرا کے پودے لگانے کے مقصد سے کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کاشت کاروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی مختلف کسان دوست سکیموں سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اَپنے کھیتوں میں روایتی کاشتکاری کی جگہ باغبانی بالخصوص ڈیری فارمنگ ، مشروم فارمنگ، مگس بانی ، دالوں اور ایلوویرا کی شجرکاری کو اَپنائیں جس سے انہیں اَپنی آمدنی کو دوگنا کرنے میں مدد ملے گی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ روایتی کھیتی سے ایک کسان ایک لاکھ سے کم کماسکتا ہے جبکہ ایلوویرا پلانٹیشن کو اَپنانے سے وہ 2سے 2.5 لاکھ فی ایکڑ کما سکتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پشو دھن میلہ ہر مہینے کے پہلے اتوار کو لکھن پور میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں کسان سبسڈی پر ہریانہ اور پنجاب ریاستوں کے دودھ والے جانور خرید سکتے ہیں۔اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر ایورویداس ایگزن رشب گپتا نے بھی اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے گورن پنچایت گائوں بدھوانہ میں لیموں اور ایلوویرا کا پودا لگا کر 200کنال کے کلسٹر میں ایک میگاپلانٹیشن مہم کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں ، جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں، ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئرمین بلوان سنگھ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرمین سمب رمیش سنگھ ، سرپنچ گوران سردار سنگھ اور دیگر اَفسران اور کسان موجود تھے۔