بانڈی پورہ //قبائلی علاقوں تک رسائی کے سلسلے میں باغبانی محکمہ کی جانب سے تیسرا کیمپ ضلع بانڈی پورہ کے ایک دور افتادہ قبائلی علاقے بینلی پورہ کٹسن میں منعقد ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیراور چیف ہارٹیکلچرافسر بانڈی پورہ اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ کیمپ میں محکمہ باغبانی کے علاوہ زراعت ،اینمل ہسبنڈی ،بھیڑ پالن اور محکمہ روزگار کے علاوہ بڑی تعداد میں ترقی پسند کسانوں نے شرکت کی ۔اس کیمپ کا مقصد قبائلی علاقوں میں لوگوں کو محکمہ کی کارکردگی اور سکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنی تھی ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچراعجاز احمد بٹ نے مختلف مرکزی سکیموں MIDH، PMDP، SMAM، PMKSY وغیرہ کے تحت دستیاب مراعات کے بارے میں تفصیل سے بتایااور قبائلی کسانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ان سکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے تمام چیف افسران کو ہدایت دی کہ وہ وہ متعلقہ اسکیم کے تحت علاقے میں کم از کم ایک کسٹم ہائرنگ یونٹ جاری کرے۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ہر ایک ایسے علاقے میں یہ کیمپ لگائے جائیں گئے تاکہ لوگوں تک محکمہ کی سکیموں کے بارے میں مکمل جانکاری مل سکے ۔