باغبانی شعبے کی احیائے نو کیلئے کوششیں جاری: بشارت بخاری

جموں//وزیر برائے باغبانی سید بشارت احمد بخاری نے کشمیر ، جموں اور نئی دلی میں منعقدہ میٹنگوں میں دی گئی ہدایات اور جاری کئے گئے رہنما خطوط پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔سیکرٹری باغبانی ،ناظم باغبانی جموں اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں ریاست کے تمام ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔وزیر نے کہا کہ باغبانی شعبہ ریاست کی اقتصادیات کے لئے کلیدی اہمیت رکھتاہے اور حکومت میو ہ اُگانے والوں کو میوہ پیداوار کی سٹوریج اور مارکیٹنگ میں بہتر خدمات بہم رکھنے کے لئے وعدہ بند ہے۔اُنہوںنے کہاکہ ریاست میں اس شعبے کی تنظیم نو اور احیائے نو کے لئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ریاست میں میوہ جات کی پیداوار اور اس کی کھپت کے رجحان سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے وزیر نے اس سے قبل میوہ درختوں کے شمار فصل وار ، تفاصیل بشمول علاقے کے دیگر اعداد و شمار سمیت پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔وزیر موصوف نے صوبہ جموں میں 15؍مئی 2017ء تک میوہ درختوں سے متعلق اعداد و شمار جمع کرنے کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ سرینگر کے لئے یہ کارروائی 30؍مئی2017ء تک مکمل کرنی ہوگی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ متعلقہ حکام نے اب تک 25فیصد اعدادشمار جمع کئے ہیں۔بازاروں میں میوہ پیداوار کی مارکیٹنگ اور ٹرانسپورٹیشن کے عمل کی تنظیم کو جواب دہ اور شفاف بنانے کے لئے وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اے پی ایم سی ایکٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق مارکیٹنگ کمیٹیوں کے انتخابات کرائیں اور اس ضمن میں ریاست کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو انتخابات کی تیاری کو ووٹر فہرست مرتب کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ اس کے بعد ووٹر فہرستوں کی جانچ پڑتال ہوگی ، اعتراضات درج کئے جائیں گے اور انتخابی نوٹیفکیشن جاری کی جائے گی۔