بارہمولہ کے صحافی سجاد حسین کی اہلیہ فوت | صحافتی برادری ، سیاسی ،سماجی اور مذہبی تنظیموں کا اظہار رنج

بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے سینئر صحافی اور نیٹ ورک 18اردو کے نمائندہ سجاد حسین کے ساتھ تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری ہے ۔اُن کی اہلیہ سوموار کو گیس سے دم گھٹنے سے انتقال کرگئیںجس کے بعدانہیں آبائی گاؤں وجبل میں سپرد خاک کیا گیا۔ صحافتی برادری اور سماجی ، سیاسی اور مذہبی تنظیموں نے سجاد حسین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے ۔ شمالی کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کرامت قیوم کی سربراہی میں ایک وفد نے سجاد حسین کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی ۔ اس موقع پر کرامت قیوم نے کہا کہ یہ صرف اس گھر کیلئے نقصان نہیں بلکہ پوری برادری کیلئے ایک عظیم صدمہ ہے۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما محمد شفیع اوڑی ، ڈاکٹر سجاد شفیع نے بھی سجاد حسین کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا ، چیئرمین ہیومن ایڈ سوسائٹی کشمیر کے چیئرمین بشیر احمد میر، ایجیک کے چیئرمین محمد رفیق راتھر، جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی اور جموں و کشمیر رہبر تعلیم اساتذہ فورم کے ضلع صدر بارہمولہ محمد یعقوب  بٹ نے بھی سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ادھر کشمیر پریس کلب کی انتظامیہ کمیٹی نے بھی سجاد حسین کی اہلیہ کی المناک انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر غلام نبی ایتو نے بدھ کو غمزدہ صحافی کے گھر جاکر سوگوار کنبے کی ڈھارس بندھائی ۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کا چہارم آج اُن کے آبائی گائوں چاٹوسہ رفیع آبادمیں منعقد کیا جارہا ہے۔