بارہمولہ کی کئی سڑکیں ہنوز بند

 بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے کئی دیہات کی سڑکیں چھٹے روز بھی بند پڑی ہیں جس کے نتیجے میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس دوران کچہامہ بارہمولہ کے کئی نوجوان نے رضا کارانہ طور اپنے علاقے میں کچھ سڑکوں سے از خود ہی برف ہٹائی ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان علاقوں سے پوری طرح سے برف ہٹانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔گوری وان ،پالہ دجی ،تل دھجی ،سچلیورن ،بگدجی،کاوہار ،وانسرن ،حاجی بل ،گلی بل ،برن دب ،کامر ،کھا موہ اور ٹنگمرگ کے دیگر کئی دیہات کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کہیں دو سے تین فٹ برف تو کہیں پانچ سے چھ فٹ برف جمع ہے تاہم ابھی تک انتظامیہ نے برف نہیں ہٹائی ہے جس کے نتیجے میں لوگ اپنے ہی گھرو ں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔لوگوں کے مطابق ان دیہات میں طبی مراکز پر مریضوں کو ادویات تک دستیاب نہیں ہو رہی ہیں جس سے بیماروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ مقامی لوگوں نے مذید بتایا کہ سخت سردی کے باوجود بھی ان علاقوں میں  میںپچھلے چھ دنوں سے بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ادھر بارہمولہ پولیس نے دور دروز علاقوں کے مریضو ں کو کندھوں پر اُٹھا کر اسپتال پہنچانے میں لوگوں کی مدد کی ۔