بارہمولہ کا لاپتہ نوجوان عسکریت میں شامل، تصویر سوشل میڈیا پر جاری

سرینگر/شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کا ایک لاپتہ نوجوان عسکریت پسندوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے۔

عدنان احمد چنا ولد عملی محمد چنا ،ساکنہ آرمپورہ آزاد گنج ،بارہمولہ جس کی عمر محض20سال بتائی جارہی ہے، دو ماہ پہلے لاپتہ ہوا تھا۔

عدنان کی اے کے 47قسم کی بندوق لئے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ اُس نے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔

تصویر پر درج تفصیلات کے مطابق عدنان نے لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی ہے ۔

اگر تصویر اور اس کے پیغام کو صحیح مان لیا جائے تو عدنان بارہمولہ قصبے کا موجودہ وقت میں پہلا نوجوان ہے جس نے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔واضح رہے کہ پولیس نے بارہمولہ قصبے کو رواں سال کے ماہ جنوری میں ''ملی ٹنٹ فری'' قرار دے رکھاتھا۔