بارہمولہ//گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں تعینات ایک ڈاکٹر کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔یہ کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا کورونا کیس ہے جس میں طبی عملے سے وابستہ کوئی شخص مہلک مرض میں مبتلاء ہوگیا ہے۔ میڈیکل کالج بارہمولہ میں تعینات ایک ریذیڈنٹ ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسپتال عملے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہمذکورہ ڈاکٹر کوڈ 19مریض کے رابطے میں آیا تھا جس کے بعد اُس کے نمونے لئے گئے اور منگل کے روز ڈاکٹر کا ٹسٹ مثبت آیا۔ اس سلسلے میں میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع اسپتال بارہمولہ ڈاکٹر سید مسعود نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ ڈاکٹر پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا انفکشن میں مبتلاء ہوا ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ ڈاکٹر کے 30رابطوں کو نشاندہی کی گئی ہے جن میں چار ڈاکٹر اور 19 پیرا میڈیکل عملہ اور ڈاکٹر کا کنبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی کو جی ایم سی بارہمولہ میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس میں مبتلا اس ڈاکٹر کو آئسولیشن وارڈ میں تنہا رکھا گیا ہے اور اسکی حالت مستحکم ہے۔ڈاکٹر مسعود نے مزید کہا کہ منگل کو جی ایم سی بارہمولہ کے 80 ٹسٹ تھے جن میں 79 کے نتائج منفی آئے جبکہ ڈاکٹر کا ٹسٹ مثبت آیا۔
بارہمولہ میں کشمیرکا پہلا ڈاکٹر کورونا میں مبتلاء
