بارہمولہ میں کروڑوں روپئے کی ہیروئن برآمد | دو افراد گرفتار،دو گاڑیاں ضبط،مزید تحقیقات جاری

بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے منشیات کا دھندہ کررہے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے کروڑوں روپئے مالیت کی منشیات کو برآمد کیا ہے۔ایس ایچ او اوڑی کی سربراہی میں پولیس نے داچی سے بسگران علاقے میں گشت کے دوران دو گاڑیاں زیر نمبر JK09C-1584اور آلٹو زیر نمبر JK05G-0247مشکوک حالت میں داچی کی طرف ایک لنک روڈ پر پائیں۔ پولیس کو دیکھتے ہی دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے دونوں افراد کو پکڑ لیا۔ دونوں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران سیلایریو گاڑی سے ہیروئن کے تین 3 اور آلٹو گاڑی سے 5پیکٹ ہیروئن برآمد کئے۔ مجموعی طور پر تقریباً 9کلو گرام وزنی ہیروئن کے 8پیکٹ برآمد ہوئے جن کی بلیک مارکیٹ میںکروڑ ں روپئے قیمت بتائی جاتی ہے۔ دونوں افراد سے موقع پر ہی پوچھ گچھ کی گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران آلٹو کار کے ڈرائیور نے اپنا نام محمد صابر بروال ساکن جبدہ کمل کوٹ اور سیلایریو کار کے ڈرائیور نے اپنا نام پرویز احمد تانترے ساکن ریبن رفیع آباد سوپوربتایا۔ ان کے موبائل فونوں کی تلاشی کے دوران، محمد صابر بروال کے قبضے سے پانچ لاکھ روپے کا ایک چیک (500000/-) اور ایک آدھار کارڈ اور دو خالی چک اور چک بک اور دیگر سامان برآمد ہوا ۔بارہمولہ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 17/2022کے تحت ایک کیس درج کرلیا ہے ۔