بارہمولہ //ناظم تعلیمات کشمیرڈاکٹر جی این ایتو اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش نے ڈگری کالج بارہمولہ میں وزیر اعلیٰ سپر ففٹی سِول سروسز مفت کوچنگ مرکز کا فتتاح کیا۔ سرکار کی طرف سے قائم کردہ اس کوچنگ سنٹر میں 50 خواہشمند امیدواروں کو سِول سروسز امتحانات کے لئے مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی۔وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی ہدایت کے مطابق اِن خواہشمند امیدواروں کو مٹیریل کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر اور اعلیٰ تعلیم محکمے کے باہمی اشتراک سے منعقدہ تقریب پر کالج کے پرنسپل فضل الرحیم بیگ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب پر ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ وزیر تعلیم کی ہدایت پر کشمیر ڈیوژن کے 3مقامات پر سول سروسز کے لئے مُفت کوچنگ مراکز قائم کئے جا رہے ہیں، جن میں سرینگر میں ایک، بارہمولہ میں ایک اور اننت ناگ میں ایک سینٹر شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن مراکز کی نگرانی بذات خود وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم کر رہے ہیں۔کوچنگ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ناظم تعلیمات نے کہا کہ اگلے چند ہی روز میں اننت ناگ میں بھی ایسے ہی مرکز کا افتتاح کیا جائے گا۔
بارہمولہ میں وزیراعلیٰ سول سروسز مفت کو چنگ مرکز کا افتتاح
