بارہمولہ میں مطلوب منشیات فروش گرفتار ،چرس برآمد

سرینگر//پولیس نے شیری مارکیٹ بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات بھی برآمد کر لی گئیں ۔ منشیات کی بدعت کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک انتہائی مطلوب منشیات لیجانے والے کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بارہمولہ سجاد بخاری کی نگرانی میں پولیس کی ایک ٹیم نے فتح گڑھ شیری میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کیا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروش شیری مارکیٹ کی طرف آرہا تھا اور پولیس کو دیکھتے ہی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔ بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت مجید احمد صوفی ولد عبدالاحد صوفی کے بطور ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران منشیات فروش کی تحویل سے 140 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا اور اس کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ بیان کے مطابق اس ضمن میں پولیس اسٹیشن شیری میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔