بارہمولہ میں سیکریٹری زراعت کی صدارت میں میٹنگ کا انعقاد

 بارہمولہ//سیکریٹری محکمہ زراعت منظور احمد لون نے بارہمولہ کا دورہ کر کے وہاں افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی کی میٹنگ کے دوران محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ڈی سی بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ، ڈائریکٹر ایچ پی ایم ، ڈائریکٹر سریکلچر اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ضلع میں باغبانی اور زراعت کے شعبوں میں حاصل کی گئی پیش رفت اور کئی دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکریٹری نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایسے دیہات کی نشاندہی کریں جنہیں باغبانی اور زرعی سیکٹروں میں ماڈل ولیج کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے۔اُنہوں نے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کے لئے مربوط اور ڈبل کراپنگ نظام اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشتکاری ، زگ چاول ، گھاس پھوس اور شہد کی پیداوار بڑھانے کی طرف توجہ دی جانی چاہیئے ۔ اُنہوں نے ضلع کی منڈیوں میں ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سیکریٹری نے ضلع میں 50ہیکٹر اراضی کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ اس اراضی پر ہائی ڈینسٹی پودے لگائے جاسکیں۔اُنہوں نے اس مقصد کے لئے حکومت کا بھرپور تعاون دینے کا یقین دلایا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر باغبانی اور زراعت سیکٹروں سے جُڑے کئی معاملات کو حل کرنے کے لئے کمشنر سیکرٹری کی مداخلت طلب کی۔