بارہمولہ میں آگ،2دوکانیں خاکستر

بارہمولہ// شمالی قصبہ بارہمولہ کے اکبر چوک علاقے میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات کے دوران دو دکانیں خاکستر ہوگئیں اوران میں موجود لاکھوں روپئے مالیت کا سازوسامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ اکبر چوک بارہمولہ میں منگل کی صبح ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً ایک اوردکان کو لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگرچہ آگ کومزید پھیلنے سے روک دیا گیا،تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تانترے جنرل سٹور اور پمپوش ریسٹورنٹ خاکستر ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ آگ سے لگ بھگ چالیس سے پچاس لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرلیاہے۔