سرینگر/ہزاروں لوگوں نے جمعہ کو شمالی کشمیر کے سوپور میں اُس جاں بحق جنگجو کی آخری رسومات میں حصہ لیا جسے ایک اور ساتھی سمیت فورسز نے بارہمولہ میں ایک معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق کردیا۔
یہ معرکہ آرائی گذشتہ روز بارہمولہ کے کلنترہ، کنڈی علاقے میں ہوئی تھی۔
اس معرکہ میں عامر رسول کبو نامی جنگجو جاں بحق ہوا تھا جو آرمپورہ سوپور کا رہنے والا تھا جہاں آج صبح سے ہی ہزاروں لوگ اُس کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جمع ہوئے تھے جنہوں نے عامر کی آخری رسومات کے دوران فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
اس سے قبل عامر کی میت دوران شب لواحقین کے حوالے کی گئی تھی۔
کلنترہ معرکہ میں جاں بحق جنگجو کا تعلق اطلاعات کے مطابق پاکستان سے تھا۔
اس معرکہ میں ایک آفیسر سمیت تین اہلکار بھی زخمی ہوگئے تھے۔
شمالی قصبہ سوپور اور ملحقہ علاقے میں آج مقامی جنگجو کے جاں بحق ہونے کے ماتم میں مکمل ہڑتال ہے۔