بارہمولہ شاہراہ پر کئی اہم مقامات پر گندگی کے ڈھیرجمع

بارہمولہ//سرینگر مظفر آباد شاہرہ کے کئی اہم مقامات پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیرجمع ہونے کی وجہ سے بدبو پھیل گئی ہے اورراہگیروں ،مسافروں اور دوکانداروں کوذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرینگر مظفر آباد شاہرہ پر ناربل سے سنگھ پورہ اور بارہمولہ سے بونیار تک دریائے جہلم کے کناروں پر غلاظت کے ڈھیرجمع ہیں جسے باضابطہ ڈمپنگ سائٹ میں تبدیل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میونسپل اہلکار اپنی گاڑیوں میں گندگی لاد کر شاہراہ اور دریائے جہلم کے کناروں پر چھوڑ دیتے ہیں جس کے نتیجے میںلوگوں کو بدبو سے اذیت پہنچتی ہے اور متعلقہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق رہتاہے ۔لوگوں کو کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے کئی بار انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی نوٹس میں اس معاملے لایالیکن اُنہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر علاقے میں گندگی ہٹانے کے احکامات صادر کریں۔