فیاض بخاری +اشرف چراغ
بارہمولہ+کپوارہ//محکمہ جنگلات نے جوائنٹ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس عرفان رسول وانی کی ہدایت پر جنگل سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے فارسٹ پروٹیکشن فورس بارہمولہ کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منمیت سنگھ کی نگرانی میں دیگر فارسٹ عملے کے ساتھ مل کر نذیر احمد گوجری عرف نذیر کوبرا نامی شہری کوگرفتار کیا اور غیر قانونی لکڑی سے لدی اس کی ماروتی کار زیر نمبر JK05-6113کو بھی ضبط کیا۔یہ کارروائی 26اور 27اپریل کی درمیانی رات کو بنیر وینکورا بارہمولہ سڑک پر انجام دی گئی ۔ اس دوران ملزم کوبارہمولہ تھانہ کے سپرد کیا گیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 70/2022 درج کیا گیا ۔ادھرمحکمہ جنگلات نے ترس نطنوسہ علاقہ میں ایک لو ڈ کیرئر میں سمگل ہورہی غیر قانونی لکڑی کو ضبط کیا اور ڈرائیور کو گرفتار کیا ۔معلوم ہوا کہ محکمہ جنگلات اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ فارسٹ ڈویژن کامراج کے کنڈی رینج کے تحت آنے والے علاقہ ترس نطنوسہ علاقہ میں ایک مہندا گاڑی زیر نمبر JK06B-0752میں تعمیراتی لکڑی سرینگر کی طرف سمگلر ہورہی ہے ۔محکمہ جنگلات اور فارسٹ پرو ٹکشن فورس نے ترس کے نزدیک ناکہ لگایا اور جو ں ہی مذکورہ گاڑی وہا ں پہنچ گئی تو ڈارئیور کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن جنگلات ٹیم کی بروقت کاروائی کے ودران مذکورہ گاڑی کو روک دیا گیا جس کے دوران 80مکعب فٹ لکڑی ضبط کی گئی جبکہ ڈرائیور جو ڈوڈہ سے تعلق رکھتا ہے کو گرفتار کیا گیا اور لکڑی سمگلر کرنے والے تین افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔محکمہ جنگلات نے عمارتی لکڑی گاڑی سمیت اپنی تحویل میں لے لی اور ڈرائیور کو پولیس کے حوالہ کیا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور رام بن سے میوہ لیکر سو پور منڈی آیا تھا اور سمگلرو ں نے انہیں لالچ دیکر کپوارہ لایا اور یہا ں لکڑی بھر کر سرینگر کی طرف روانہ ہوئے تاہم محکمہ جنگلات کی بروقت کارروائی نے سمگلرو ں کی اس کوشش کو ناکام بنادیا ۔رینج افسر کنڈی فیروز احمد مرازی کا کہنا ہے کہ تینو ں سمگلرو ں اور ڈرائیور کے خلاف جنگلات ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ کپوارہ میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔