بارڈر بٹالین کے خواہشمندوں نے گپتا اور جان کو میمورنڈم پیش کیا

 جموں// بارڈر بٹالین کے خواہشمندوں کے ایک وفد نے رتن لال گپتا صوبائی صدر جموں صوبہ اور نیشنل کانفرنس کے سابق ایم ایل اے اور صوبائی صدر یوتھ نیشنل کانفرنس جموں اعجاز احمد جان سے ملاقات کی اور ان کی بھرتی کے سنگین مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے این سی لیڈر کو یونین ٹیریٹری انتظامیہ کے خلاف اپنی شکایات کو اجاگر کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔وفد کے ارکان کی طرف سے اٹھائی گئی پریشانیوں کو صبر سے سننے اور میمورنڈم کی تفصیلات میں جانے کے بعدگپتا نے کہا کہ خواہشمندوں کے مطالبات بالکل حقیقی ہیں۔پولیس کی جانب سے احتجاج کرنے والے امیدواروں پر حالیہ لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کیونکہ جسمانی ٹیسٹ اور تصدیق کے اہل ہونے کے باوجود اتنے نوجوانوں کا کیریئر اور مستقبل داو¿ پر لگا ہوا ہے۔انہوں نے سرحد پر بھرتیوں کے سلسلے میں جے اینڈ کے یو ٹی میں ایل جی کی قیادت والی انتظامیہ کے غیر آئینی عمل پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ان کے مسائل کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔اعجاز جان نے پی ایم مودی کی قیادت میں مرکز کی بی جے پی حکومت پر تمام محاذوں پر ناکام ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف کھوکھلے وعدے کر رہی ہے اور بے روزگار نوجوانوں کو 2 کروڑ نوکریاں دینے میں ناکام رہی ہے۔ اعجاز جان نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ وہ ان کا معاملہ جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے اور اس سنگین مسئلہ کو این سی کے رہنما ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے نوٹس میں لائیں گے جو اس معاملے کو مرکز کے ساتھ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر ضلع صدریوتھ نیشنل کانفرنس تجندر پال سنگھ (امان) نے بھی کہا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت سرحدی بٹالین کے خواہشمندوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جاری تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔