بارڈر بٹالین کیلئے بھرتی کے عمل میں ہزاروں کی شرکت

سمت بھارگو

راجوری//جموں و کشمیر کی دو سرحدی بٹالینوں میں بھرتی کے عمل کیلئے دو روزہ فزیکل اسٹینڈرڈ ٹیسٹ (پی ایس ٹی) جمعرات کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری میں شروع ہوا جس میں پہلے دن راجوری اور پونچھ کے ہزاروں نوجوانوں نے حصہ لیا۔اس بھرتی کیلئے دو روزہ ٹیسٹ کا عمل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری میں منعقد کیاگیاجہاں راجوری اور پونچھ دونوں اضلاع کے تمام رجسٹرڈ امیدوار اس میں حصہ لے رہے ہیں۔پہلے دن، ہزاروں نوجوانوں نے ڈرائیو میں حصہ لیا اور چھ راؤنڈ ریس کے ساتھ شروع ہونے والے ٹیسٹ میں کوالیفائی کرنے کی پوری کوشش کی۔اس عمل کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، جموں و کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال نے کہا کہ اس بھرتی کے عمل کیلئے اشتہاری نوٹیفکیشن19- 2018  میں جاری کیا گیا تھا جس کے بعد یہ عمل شروع کیا گیا تھا لیکن کچھ وجوہات باقی رہ گئی تھیں جن کی وجہ سے یہ عمل روک دیا گیا تھا۔موصوف نے کہاکہ ’’اب ہم بھرتی کا عمل تیز رفتار موڈ پر کر رہے ہیں اور راجوری میں نوجوانوں کا جوش و خروش بہت زیادہ ہے اور نوجوان منتخب ہونے اور ملک کی خدمت کرنے کیلئے اپنی سطح پر بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں دو سو ساٹھ سے زیادہ آسامیاں ہیںجن کی بھرتی کیلئے ٹیکنا لوجی کا استعمال کیا جارہاہے تاکہ اس کو مکمل طورپر شفاف رکھا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پورا نظا م میں کوئی انسانی مداخلت نہیں ہے ۔انہوں نے امیدواروں کو مزید مشورہ دیا کہ وہ ان تمام لوگوں سے دور رہیں جو امیدواروں کو ان کے انتخاب میں مدد کے لئے راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔