بارش سے سیلابی صورتحال ،چلی کی پنچائت گلی بھٹولی میں عوام سراپا احتجاج

ڈوڈہ // حالیہ دنوں کی تباہ کن بارشوں سے جہاں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے وہیں ڈوڈہ کی سب ڈویڑن گندوہ و ٹھاٹھری کے کئی گاوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔اس سلسلہ میں بلاک چلی کی پنچائت گلی بھٹولی میں مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بارش کا پانی آبادی میں داخل ہونے سے کئی کنبے بے گھر ہونے پر مجبور ہیں۔مقامی سرپنچ سمینہ چوہدری نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے جہاں باغات و فصلوں کو نقصان پہنچا ہے وہیں وارڈ نمبر 6 میں رہائش پذیر آبادی میں بھی پانی داخل ہورہا ہے۔غلام نبی چوہدری نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا بارش کا پانی سیلاب کی طرح آبادی میں داخل ہو رہا ہے اور کئی کنبے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو لے کر متعدد بار انتظامیہ کی نوٹس میں لایا لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔سماجی کارکن چوہدری غلام رسول نے کہا کہ لوگ بے گھر ہونے والے ہیں اور انتظامیہ کوئی مثبت قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔انہوں نے آبادی کے نزدیک حفاظتی دیواریں لگانے و نکاسی نظام کا معقول انتظام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر بلاک چنگا کی پنچائت صوتی ڈوڈواڑ کے وارڈ نمبر 5 میں بھی بارش کا پانی رہائشی مکانات میں داخل ہونے سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور ان میں موجود سامان تباہ ہوا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بارش کے پانی کے ساتھ اطراف میں موجود گندگی و کوڑا کرکٹ بھی مکانوں میں داخل ہوا ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔انہوں نے نے سب ڈویڑنل انتظامیہ سے گاو¿ں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے و متاثرین کی امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔