بارشوں کے باوجود قومی شاہراہ قابل آمدورفت

بانہال// سنیچروار کی صبح گیارہ بجے سے شروع ہوئی ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شام چھ بجے تک جاری رہا۔ رام بن کے علاقے میں تیز بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سیتارام پسی ماروگ کے قریب ملبے کی بھاری مقدار پسی کی صورت میں شاہراہ پر گر آئی جس کی وجہ سے وہاںسے گزر رہی دو مسافر گاڑیاں ملبے میں پھنس گئیں تاہم تمام مسافر بچ نکلے اور بعد میں دونوں مسافر بردار گاڑیوں تویرا اور نجی کار کو اس ملبے سے باہر نکالا گیا۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے رام بن کے نزدیک کیلا موڑ اور ماروگ کے درمیان سیتارام پسی سنیچر کے روز ایکٹیو رہی اور وقفے وقفے سے ملبہ گرتا رہا تاہم ملبے کو ساتھ ساتھ ہٹاکر ٹریفک متاثر ٹریفک کو بحال کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا سنیچروار کے روز شاہراہ مجموعی طور ٹریفک کیلئے بحال رہی اور کئی مقامات پر شاہراہ پر پتھر اور پسیاں بھی گرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ کی کشادگی کی وجہ سے گرتے ملبے سے ٹریفک کی نقل وحرکت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا اور ملبے کو ساتھ ساتھ صاف کرکے سڑک کو قابل آمدورفت بنایا گیا۔ اس دوران ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق اتوار کے روز موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت ہوگی البتہ مال بردار ٹرکوں کو ادھمپور سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت دی جائے گی۔