بارشوں کی وجہ سے گھاڑی رام بن میں رہائشی مکان تباہ

بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل راجگڑھ کے گھاڑی علاقے میں شدید بارشوں کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور بڑی مشکل سے انسانوں اور مال مویشی کو بچا لیا گیا ہے۔ تحصیل راجگڑھ کی پنچایت گاڑھی کے سرپنچ اشتیاق احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حالیہ برفباری اور شدید بارشوں کی وجہ سے پوری تحصیل اور پنچایت گھاڑی میں کئی رہائشی مکانوں اور پھلدار درختوں کو سخت نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے اور تازہ واقع میں بْدھی سنگھ ولد پرسرام ساکنہ گھاڑی کا مکان شدید نقصان سے دوچار ہوا ہے اور گھر کے مکین اور مال مویشیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے بڑی مشکل سے بچالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکان کے تباہ ہوجانے کی وجہ سے پورا کنبہ کھلے آسمان کے نیچے آگیا ہے اور مقامی ہمسائیوں کے گھر میں انہیں منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ضلع حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غریب شخص کی فوری مدد کیلئے سامنے آئیں اور علاقے میں لوگوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی ٹیموں کو علاقے میں روانہ کیا جائے۔