بارشوں کی قہر سامانیاں جاری

بانہال//گذشتہ دو روز سے ہو رہی لگاتار بارشوں اور تیز آندھی کی وجہ سے جمعرات کو دوسرے روز بھی جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں مختلف مقامات پر پتھر اور پسیاں گر آنے کی وجہ سے ٹریفک نظام معطل رہا  جس کی وجہ سے رام بن اور چندرکورٹ میں سینکڑوں مال و مسافر بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔ مقامی لوگوں اور رضاکروں کی طرف سے درماندہ مسافروں کے لئے رام بن میں لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ شاہراہ کے ساتھ ساتھ تیز ہوائوں، بارشوں  اور اوپری علاقوں میں برفباری اور زمین کھسک جانے کی وجہ سے کی وجہ سے ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں درجنوں رہائشی مکانات اور سرکاری سکولوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بانہال کے مختلف علاقوں  جن میں منگت ، پوگل پرستان ، رام سو ، نیل ، چندرکورٹ ، رام بن اور دیگر علاقوں میں درجنوں مکانات اور سکولوں کے چھت اُڑ گئے ہیں ۔ زرائع نے بتایاکہ تیز ہوائوں کی وجہ سے بانہال میں مشتاق احمد وانی ، کڈجی منگت میں احد لون کے رہائشی ماکانوں کے چھت اُڑ گئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ پریمری سکول بٹرو ہنگی،کاونہ،آخرن، راجگڑھ، چندرکورٹ ، ٹٹھار اور دیگر کئی سکولی عمارتوں کے چھت طوفانی ہوائوں کی وجہ سے اُڑ گئے ہیں تاہم کسی بھی علاقے کسی کسی جانی نقصان کی کوئی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ بانہال میں مختلف نالوں میں پانی کی سطح بڑھ جانے کی وجہ سے ان نالوں نے کئی پھل دار و دیگر درختوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئے ہیں ۔بانہال کے ناگام ڈولیگام لنک سڑک کا ایک بڑا حصہ ڈولیگام نالے میں پانی کا بہائو بڑ جانے کی وجہ سے بہہ گیا ہے جبکہ اس سڑک پر کھڑی دو گاڑیاں بھی اس نالے کے تیز بہائو میں بہہ گئی ہیں ۔ بانہال کے دور دراز علاقوں منگت سے ملی اطلات کے مطابق اس علاقے میں درجنوں رہائشی ماکنات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ زمین کھسکنے کا سلسلہ بھی ضلع کے کئی علاقوں میں جاری ہے جس کی زد میں کئی مکانات آ رہے ہیں ۔ خراب موسم کے چلتے ضلع انتظامیہ رام بن کی طرف سے آج سکولوں  بند کر دئے گئے تھے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے ۔ بانہال میں سبزی منڈی بازار بھی چنجلو نالہ کی زد میں آگیا ہے جس کے باعث یہاں پر کام کر رہے پٹری والوں کو تشویش لاحق ہو گئی ہے ۔ اس طرح سے نالہ بچلڑی کے ارد گرد ایک درسگاہ نعمانیہ کے علاوہ کچھ رہائشی مکانات بھی زیر آب آ گئے ہیں ۔ بانہال میں حالات کا جائزہ لینے کے لئے ایس ڈی ایم بانہال اور تحصیلدار بانہال نیاز احمد وانی نے آج بانہال کے کئی نزدیکی علاقوں کا دورہ کیا  اور لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی ہے ۔ ادھر شاہرہ بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مسافر رام بن میں درماندہ ہیں ٹریفک پولیس کے مطابق اگر چہ تعمیراتی ایجنسیوں کی طرف سے شاہراہ کو صاف کر نے کا کام شروع کر دیا گیا تھا لیکن لگاتار بارشوں اور تیز طوفانی ہوائیں ان کے کام میں رکاوٹیں پیش کر رہی ہیں ۔ تیز بارشوں اور طوفانی ہوائوں کی وجہ سے پورے علاقے میں تشویش لاحق ہو گئی ہے ۔