بارشوں کا پانی جمع کرکے ذخیرہ کرنے کا آگاہی پروگرام

 جموں//مرکزی حکومت22مارچ سے جل شکتی ابھیان2021-کی شروعات کررہی ہے جو30نومبر 2021تک جاری رہے گا۔اس ابھیان کو موضوع رہے گا’بارش کوجمع کرو،جب وہ گرے‘۔پروگرام کا مقصد مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے مختلف پروگراموں کے ذریعے مون سون سے قبل اور مون سو ن کے دوران بارش کے پانی کو جمع کرنا ہے۔جل شکتی ابھیان2019کی حصولیابیوں کو آگے لیجاتے ہوئے دوسرے مرحلے میں اس ابھیان کے تحت تمام شہری اور دیہی علاقوں کااحاطہ کیا جائے گاجن میں ملک بھر کے729اضلاع،7195بلاک،2.55لاکھ پنچایتیں اور6.64لاکھ دیہات شامل ہیں ۔اس سلسلے میں کابینہ سیکریٹری راجیوگابھا نے مرکزی سیکریٹریوں اور ریاستوں کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ،جس میں جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آرسبھرامنیم بھی شامل تھے۔ کابینی سیکریٹری نے ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریوں کو آگا ہ کیا کہ پروگرام کے تحت لوگوں کی سرگرم شرکت سے آبی وسائل کی میپنگ کی جائے گی اور پانی کو بچانے کے منصوبے مرتب کئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ آبی وسائل کو صاف رکھنے کیلئے ان کی صفائی کی جائے گی اورآبی نالوں میں رکاوٹوں کو دور کیاجائے گا۔پروگرام کو وزیراعظم نریندر مودی 22مارچ کو شروع کریں گے جواقوام متحدہ کا عالمی یوم آب ہے ۔اس کے بعد خصوصی گرام سبھائیں منعقد ہوں گی جن میں آبی تحفظ پر بات ہوگی اورمون سون سیزن کے دوران سماج کے تمام طبقوں کو پانی کو بچانے اور جمع کرنے کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔جل شکتی ابھیان میں بارش کے پانی کے جمع کرنے ،ذخیرہ کرنے اور استعمال کرنے کو غیرمرکوز کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ زمین میں نمی کوبہتر بنایا جائے اور گرائونڈ واٹر لیول میں اضافہ کیا جائے۔اس کے علاوہ عوام میں پانی کو بچانے اور تازہ پانی کی دستیابی کے فوائد کی جانکاری دی جائے گی۔مابعد چیف سیکریٹری نے متعلقہ محکموں کے ساتھ پانی کوبچانے اور تحفظ فراہم کرنے کے معاملات پرتبادلہ خیال کیا۔اس دوران آئیندہ آٹھ ماہ کے دوران پانی کے بچائو سے متعلق منصوبوں پر غور کیا گیا۔ان سرگرمیوں کے دوران آبی ذخائر کی بحالی،سیلابی باندھوں کاتحفظ اورچھوٹے دریائوں میں نئی جان پھینکنااورآبی وسائل کوبچائے رکھنے پرتوجہ مرکوزکی جائے گی۔محکموں سے کہاگیا کہ وہ وقت پربارش کے پانی کو جمع رکھنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔