تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں شدید بارشوں کی وجہ سے 23مکانات تباہ ہوئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں مقامی انتظامیہ نے ایک رپورٹ ضلع انتظامیہ کو روانہ کر دی ہے ۔تحصیلدار تھنہ منڈی انجم بشیر خان نے کہا کہ حالیہ چند روز کی بارشوں سے تحصیل تھنہ منڈی کے متعدد علا قوں میں لوگوں کا نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحصیل میں 23 رہائشی مکانات اور مویشی خانے تباہ ہوئے ہیںجبکہ اس سلسلہ میں ایک رپورٹ مرتب کر کے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو روانہ کردی گئی ہے تاکہ متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جاسکے ۔اسی دوران ساج علاقے میں شدید بارشوں کی وجہ سے ایک مویشی خانہ گر نے کی وجہ سے دو مویشی لقمہ اجل بن گئے جبکہ ملبہ میں ایک بھینس قریب الموت باز یاب کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ساج علاقے میں بدھ کی صبح کو منیر حسین ولد سید محمد کا مویشی خانہ شدید بارشوں کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے دو مویشی ہلاک ہوگئے ۔گزشتہ شب پیش آئے واقعہ کے بعد صبح مقامی لوگوں نے بچائوکارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک بھینس کو زندہ باہر نکالا جبکہ دو کی موت واقع ہو گئی تھی ۔تحصیل انتظامیہ نے محکمہ مال کو نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت جاری کی ہیں ۔
بارشوں سے تھنہ منڈی میں 23مکانات تباہ
