بادل پھٹ جانے سے نقصان

سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے نالہ سکھناگ میں گزشتہ شب بادل پھٹ جانے اورطغیانی کی وجہ سے خانصاحب علاقے کے متعدد علاقوں میں آبپاشی نہروں، واٹر سپلائی سکیموں اور رہائشی مکانوں کو ہوئے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نالہ سکھناگ، آریزال ، زوگو کھارین، ،چھل براس وغیرہ علاقوں کے متاثرہ کسانوں کو بھر پور معاوضہ دینے کی مانگ کی ہے جن کی فصلوں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ نالہ سکھناگ میں گزشتہ رات آئی زبردست طغیانی کی وجہ سے علاقہ خانصاحب کے متعدد علاقوں میں بیشتر واٹر سپلائی سکیموں، آبپاشی نہروں، رہائشی مکانات اور کھڑی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے جسکی فوری بحالی کے لئے حکومت کو جنگی بنیادوں پر کاروائی کرنی چاہئے۔