بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوںسے نقصان

 سرینگر//نیشنل کانفرنس نے خطہ چناب و پیرپنچال کے علاوہ وادی کے دیگر علاقوں میں بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں سے ہوئے نقصان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کی بازآبادکاری اور تباہ ڈھانچہ کی تعمیر نوکیلئے ریاستی حکومت سے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ موصولہ بیان میںپارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ قدرتی آفت نے گزشتہ سال بھی صوبہ جموں کو ہلاکر رکھ دیاتھا اور امسال بھی خطہ چناب و پیرپنچال بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکومت پر زور دیا کہ جن لوگوں کے مکانات رہنے کے لائق نہیں رہے ہیں ،اُن کیلئے قیام و طعام کا عبوری بندو بست کیا جائے اور ساتھ ہی نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین میں امداد تقسیم کی جائے۔ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ نے بالہامہ میں بادل پھٹنے سے پیدا ہوئی سیلابی صورتحال پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امداکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ادھرپارٹی کے سینئرنائب صدر چودھری محمد رمضان، صدرِ صوبہ جموں دیوندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران سجاد احمد کچلو(ایم ایل سی)، خالد نجیب سہروردی، شیخ بشیر احمد، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا،سجاد شاہین، اعجاز جان اور اجے سدھوترا نے بھی حکومت پر زور دیا ہے کہ صوبہ جموں کے سیلاب سے متاثرین اضلاع میں عوام کی راحت رسانی کیلئے فوری اور جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔