بادامی باغ چلو کال کی پیش بندی: مزاحمتی قائدین کو تھانہ و خانہ نظر بند کردیاگیا

 سرینگر// شہری ہلاکتوں کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی کال کے پیش نظرممکنہ احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے سیدعلی گیلانی،میرواعظ عمرفاروق اورمحمداشرف صحرائی سمیت کئی مزاحمتی لیڈران کوگھروں میں نظربندرکھاگیاجبکہ محمدیاسین ملک پیر کو ہی بادامی باغ چلو کال کے پیش نظر رپوش ہوگئے ہیں۔معلوم ہواہے کہ سنیچرکی شام سے ہی ،حریت(ع)چیئرمین میرواعظ عمرفاروق اورتحریک حریت کے چیئرمین محمداشرف صحرائی کوخانہ نظر بند کر دیا گیا اورانکی سرگرمیوں پرپابندی عائدکردی گئی جبکہ حریت(گ)چیئرمین سیدعلی گیلانی عرصہ دراز سے ہی خانہ نظر بند ہیں۔ ذرائع کے مطابقلبریشن فرنٹ کے زونل نائب صدر محمد یاسین بٹ کو گرفتار کرلیا اور انہیں تھانہ نگین میں مقید کررکھا ہے جبکہ اتوار کوفرنٹ کے نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی کو بھی گرفتار کر کے کو ٹھی باغ تھانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے اس سے قبل ہی فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال، زونل آرگنائیز بشیر احمد کشمیری کو بھی گرفتارکیا ۔ذرائع کے مطابق لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک بادامی باغ چلو کال کے پیش نظر سنیچر کو ہی رپورش ہوگئے تھے جبکہ فرنٹ ترجمان نے بتایا ’’ پولیس محمد یاسین ملک کو گرفتار کرنے کیلئے اُن کے دوستوں اور احباب کے گھروں پر مسلسل چھاپے مار رہی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے فرنٹ کے زونل جنرل سیکٹری شیخ عبدالرشید اور کئی دوسرے لوگوں کے گھروںپر بھی چھاپے مارے ہیں ۔ادھر تحریک حریت لیڈر محمد اشرف لایا کو بھی گھر میں نظربند کردیا گیا ،جبکہ پیپلز لیگ کے نائب چیئرمین محمد یاسین عطائی،مسلم لیگ کے بشیر بڈگامی اور تحریک حریت کے امتیاز حیدر کو سنیچر شام کو ہی حراست میں لیکر تھانہ بڈگام میں بند کیا گیا۔ حریت(ع) کے سنیئر لیڈر انجینئر ہلال احمد وار کو بھی پولیس نے سنیچر کی شام کو ہی حراست میں لیکر تھانہ نظر بند کیا،جبکہ مزاحمتی کارکن غازی جاوید بابا کو بھی گرفتار کر کے مہاراج گنج تھانے میں بند رکھا گیا۔