بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں دوروزہ قومی سیمینار

راجوری//شعبہ الیکٹرانکس اور کمنیکیشن کی جانب سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں برقیاتی اور ترسیلی رجحانات کے موضوع پر دو روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔اسکے بعد باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا ترانہ یونیورسٹی کی طالبات نے گایا۔ایوان صدارت میں پروفیسر جاوید مسرت وائس چانسلر باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری،راج سنہا جنرل آفیسر کمانڈنگ رومیو اور پروفیسر آر پی سینی بھی موجود تھے۔وائس چانسلر نے سائنس اور تکنالوجی کی اہمیت وافادیت پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور ترسیلی ذرائع کا دوسرے کاروباری اور فیکٹری کارخانوں میں جدید طریقے استعمال کیے جاسکتے ہیں اور ہمارے طلبہ کو نئے برقیاتی اور ترسیلی ذرائع میں کس طرح پہل کرنی چاہیے۔ پروفیسر آر پی سینی نے یونیورسٹی میں اپنی آمد پر خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ برقی نظام کو جدید طریقہ کار کے ساتھ سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔جنرل راج سنہا نے پروفیسر جاوید مسرت اور سیمینار انتظامیہ کمیٹی کو ایک اہم اور وقت کی ضرورت کے موضوع پر دوروزہ قومی سیمینار منعقد کروانے پر مبارک باد دی اور اس بات کا یقین دلایا کہ ان کا تعاون اس یونیورسٹی کے لئے مختص ہے۔ وشال پوری نے اس سیمینار کے اغراض ومقاصد اور اس سے نئی نوجوان نسل کے روزگار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔حیدر معراج کنونیئر سیمی نار نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔اس دوروزہ قومی سیمینار میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے کنٹرولر،ڈین،شعبہ جات کے صدور، 70حصہ داران کا وفد اور یونی ورسٹی کے طلبہ وطالبات کے علاوہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے پریس کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر مشتاق احمد وانی، دانش اقبال اور ڈاکٹر سمیر شریک رہے۔دوسرے روز کے پروگرام میں کابینہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے بھی شرکت کی ۔